حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ووٹ کو عزت دینے کے نعرے لگانے والوں نے خود ووٹ کی حرمت پامال کی۔شفیع جان Home / سیاست /

ووٹ کو عزت دینے کے نعرے لگانے والوں نے خود ووٹ کی حرمت پامال کی۔شفیع جان

ایڈیٹر - 10/02/2026
ووٹ کو عزت دینے کے نعرے لگانے والوں نے خود ووٹ کی حرمت پامال کی۔شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے مریم نواز کے تحریک انصاف کے خلاف حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چوری شدہ مینڈیٹ کے ذریعے پنجاب کے عوام پر زبر دستی مسلط کی گئی جعلی وزیر اعلی ملک بھر میں ہونے والی کامیاب پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کے بعد شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عوامی احتجاج نے واضح کر دیا ہے کہ جعلی وزیراعلی مریم نواز کی عیاری بری طرح ناکام ہو چکی ہے، شفیع جان نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے مقبول اور پُر امن سیاسی جماعت ہے، جس نے ہمیشہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جمہوری اور پرامن جدوجہد کی ہے۔

انہوں نے مریم نواز کو یاد دلایا کہ کیا وہ اپنی جماعت کی جانب سے ماضی میں سپریم کورٹ پر چڑھائی کو فراموش کر چکی ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف انتشاری پروپیگنڈے کو عوام نے بری طرح مستر د کر دیا ہے،

معاون خصوصی نے کہا کہ قوم نے دو سال قبل ووٹ کی طاقت سے شریف خاندان اور ان کے درباریوں کو مسترد کر دیا تھا اور اپنا فیصلہ بانی چیئر مین عمران خان کے حق میں سنا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کے نعرے لگانے والوں نے خود ووٹ کی حرمت پامال کی۔ تاریخ گواہ ہے کہ شریف خاندان نے ہمیشہ عوامی فیصلوں کو نظر انداز کر کے اقتدار حاصل کیا کیونکہ اقتدار ان کیلئے آکسیجن کی حیثیت رکھتا ہے، تا ہم عوام اب ان کی حقیقت جان چکے ہیں

شفیع جان نے کہا کہ پنجاب میں غیر سنجیدہ اور جعلی حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ وفاق اور پنجاب پر مسلط حکمران جتنے مرضی حربے استعمال کر لیں، عوامی طاقت عمران خان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے خلاف کیا جانے والا ظلم و جبر تاریخ کا سیاہ باب بنے گا کیونکہ مینڈیٹ چور حکومتیں ظلم کے ذریعے عوامی آواز کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں،

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے حقوق کے حصول کیلئے آئینی ، قانونی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور قوم کو بہت جلد جعلی حکمرانوں سے نجات دلائی جائے گی۔