اسلام آباد: عالمی اور مقامی سطح پر ریکارڈ اضافے کے بعد قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اچانک اور نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث سونے اور چاندی کی بلند پرواز تھم گئی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔
پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 35 ہزار 500 روپے کی بھاری کمی کے بعد 5 لاکھ 37 ہزار 362 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جو 30 ہزار 435 روپے گھٹ کر 4 لاکھ 60 ہزار 701 روپے ہو گئی۔
چاندی کی قیمتیں بھی مندی کی لپیٹ میں رہیں۔ 24 قیراط فی تولہ چاندی 1106 روپے سستی ہو کر 11 ہزار 69 روپے میں فروخت ہونے لگی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں پر دباؤ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 355 ڈالر کی کمی کے بعد 5150 ڈالر کی سطح پر آ گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی عوامل، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں یہ نمایاں کمی سامنے آئی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں مارکیٹ کا رجحان عالمی معاشی صورتحال سے جڑا رہے گا۔