رپورٹ : محمد عاصم
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ٹاپ گھڑ سوار عثمان خان نے فرانس میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل تھری اسٹار ایونٹنگ مقابلے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایشین گیمز 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
عثمان خان نے اپنے گھوڑے ایڈن آف دی ورٹ کے ساتھ سی سی آئی تھری اسٹار لانگ فارمیٹ میں 59 رائیڈرز میں مجموعی طور پر چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ وہ ایونٹ میں سب سے نمایاں ایشیائی رائیڈر بھی ثابت ہوئے۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ انہوں نے انٹرنیشنل ایکویسٹرین فیڈریشن کے قواعد کے مطابق ایشین گیمز کے لیے درکار کم از کم اہلیت کا معیار حاصل کرلیا۔
تین روزہ ایونٹ میں نیشنل پوزیشن کے مقابلے میں پاکستان نے مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ میزبان فرانس پہلے نمبر پر رہا۔بھارت کے رائیڈر آشیش لمائے نویں نمبر پر رہے۔
مقابلے کے تینوں روز پاکستان اور بھارت کے رائیڈرز کے درمیان بھی دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ پہلے روز بھارت نے ڈریساج میں معمولی سبقت حاصل کی، دوسرے روز کراس کنٹری میں پاکستان نے برتری حاصل کی اور تیسرے روز شو جمپنگ میں عثمان خان نے شاندار ڈبل کلئیر راؤنڈ کے ساتھ بھارت پر واضح سبقت حاصل کی۔
ایونٹ کے بعد اپنے پیغام میں عثمان خان نے کہا کہ دنیا کے بہترین رائیڈرز کے ساتھ مقابلہ کرنا اعزاز تھا اور پاکستان کے لیے چھٹی پوزیشن اور ایشین گیمز کے لیے کوالیفائی کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے۔
عثمان خان کی یہ کامیابی پاکستان کے لیے بین الاقوامی ایکویسٹرین کھیلوں میں ایک اہم سنگ میل ہے اور اب وہ 2026 کے ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔