حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران امریکہ مذاکرات، ایرانی وفد کی اسلام آباد آمد آج متوقع، امریکی وفد کل پہنچے گی، مغربی میڈیا کا دعویٰ Home / پاکستان /

ایران امریکہ مذاکرات، ایرانی وفد کی اسلام آباد آمد آج متوقع، امریکی وفد کل پہنچے گی، مغربی میڈیا کا دعویٰ

ایڈیٹر - 21/04/2026
ایران امریکہ مذاکرات، ایرانی وفد کی اسلام آباد  آمد آج متوقع، امریکی وفد کل پہنچے گی، مغربی میڈیا کا دعویٰ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ان دنوں ممکنہ سفارتی سرگرمیوں کے باعث توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جہاں ایران اور امریکا کے درمیان متوقع مذاکرات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ عرب اور مغربی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی وفد کی آمد متوقع ہے، تاہم اس حوالے سے نہ پاکستانی حکام اور نہ ہی تہران کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے آئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا اداروں کے مطابق پسِ پردہ رابطے تیز ہو چکے ہیں اور اسلام آباد میں ممکنہ طور پر ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے اگلے مرحلے کی تیاریاں جاری ہیں۔ بعض رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان اس عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر سکتا ہے اور اسے ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی اپنی صلاحیت پر اعتماد ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بات چیت آگے بڑھتی ہے تو کسی بڑے مرحلے پر اعلیٰ سطحی امریکی قیادت کی شمولیت بھی خارج از امکان نہیں۔ تاہم اس حوالے سے بھی کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا، جس سے صورتحال مزید پراسرار ہو گئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ ریڈ زون سمیت اہم سرکاری و سفارتی مقامات پر نگرانی سخت کر دی گئی ہے اور مختلف علاقوں میں اضافی چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جو ممکنہ اعلیٰ سطحی سرگرمیوں کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیانات میں ایران کے ساتھ مذاکرات کے جلد نتیجہ خیز ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی معاہدہ طے نہ پایا تو موجودہ کشیدگی میں کمی برقرار رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق امریکا کا مؤقف واضح ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

امریکی قیادت کی جانب سے ممکنہ سفارتی دوروں اور نمائندوں کی آمد سے متعلق بھی متضاد اطلاعات گردش کر رہی ہیں، جس سے مجموعی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر اسلام آباد واقعی اس اہم سفارتی پیش رفت کا مرکز بنتا ہے تو یہ نہ صرف خطے بلکہ عالمی سیاست کے لیے بھی ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔ فی الحال تمام نظریں ممکنہ پیش رفت اور سرکاری تصدیق پر مرکوز ہیں، جو اس سفارتی معمہ کو واضح کر سکتی ہے۔