پاکستان اور صومالیہ کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
معاہدے پر صومالیہ کی وزارت خارجہ کے سیکرٹری اور پاکستان کی وزارت داخلہ کے سیکرٹری نے دستخط کئے۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری سے صومالی وزیر داخلہ علی یوسف نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ افریقہ عالمی جغرافیائی سیاسی منظر نامے کا ایک اہم حصہ ہے اور پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صومالیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مشترکہ مفاد کے شعبوں میں قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔
صدر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان سرحد پار جرائم اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ کوششوں کے لیے پرعزم ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔