حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امیر مقام کی سیلاب متاثرین ملاقات کیلئے گھنٹوں پیدل مسافت Home / پاکستان /

امیر مقام کی سیلاب متاثرین ملاقات کیلئے گھنٹوں پیدل مسافت

ایڈیٹر - 26/08/2025
امیر مقام کی سیلاب متاثرین ملاقات کیلئے گھنٹوں  پیدل مسافت

 وفاقی وزیر برائے امور کشمیر ، گلگت بلتستان اور سیفران، انجینئر امیر مقام نے شانگلہ کے دور دراز سیلاب سے متاثرہ دیہات خوڑ بانڈہ ، گمبت ، چا گام، اور پیاو بیلہ کا دورہ کیا اور وہ گھنٹوں پیدل سفر کر کے ان علاقوں تک پہنچے۔ انہوں نے ان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کی جنہوں نے اس قدرتی آفت میں اپنے پیارے کھوئے اور متعدد گھروں میں جا کر فاتحہ خوانی بھی کی۔ سیلاب میں زخمی ہونے والے بچے کی عیادت کی۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے گمبیت میں الفلاح میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا اور کیمپ اور مخیر حضرات اور فلاحی تنظیموں کی تعریف کی۔ بعد ازاں، وفاقی وزیر نے متاثرہ علاقوں کو شانگلہ سے ملانے والی سڑک کی بحالی کا جائزہ لیا اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت متاثرہ عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ انجینئر امیر مقام سیلاب کے پہلے دن سے ہی میدان میں موجود ہیں، اور مختلف متاثرہ اضلاع کے دورے کر کے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مقامی رہائشیوں کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دے گی اور ضروری وسائل ان تک پہنچائے گی۔ وفاقی وزیر کے اس دورے سے حکومت کے اس عزم کا اظہار ہوتا ہے کہ وہ اس بحران سے نمٹنے اور دور دراز کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ کمیونٹیز کو در پیش چیلنجز کے حل کیلئے سنجیدہ  ہے۔