حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
دنیا کے 72 ممالک کی جیلوں میں 21 ہزار 647 پاکستانی قیدی موجود ہیں، وزارتِ خارجہ۔ Home / بین الاقوامی,پاکستان /

دنیا کے 72 ممالک کی جیلوں میں 21 ہزار 647 پاکستانی قیدی موجود ہیں، وزارتِ خارجہ۔

ایڈیٹر - 20/10/2026
دنیا کے 72 ممالک کی جیلوں میں 21 ہزار 647 پاکستانی قیدی موجود ہیں، وزارتِ خارجہ۔

دنیا کے 72 ممالک میں 21 ہزار سے زائد پاکستانی قید ہیں، وزارتِ خارجہ کی قومی اسمبلی میں تحریری رپورٹ پیش

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزارتِ خارجہ کی جانب سے ایک انتہائی تشویشناک انکشاف سامنے آیا ہے جس کے مطابق اس وقت دنیا کے مختلف ممالک کی جیلوں میں 21 ہزار سے زائد پاکستانی شہری قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں۔ رکنِ اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کے ایک سوال پر وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ایوان کو تحریری جواب پیش کیا، جس میں دنیا بھر کے 72 ممالک میں قید پاکستانی قیدیوں کے باقاعدہ اعداد و شمار اور ان پر قائم مقدمات کی تفصیلی دستاویزات سامنے لائی گئی ہیں۔

وزارتِ خارجہ کے تحریری جواب کے مطابق، بیرونی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 647 ہے، جن میں سے 13 ہزار 78 افراد مختلف عدالتوں میں زیرِ ٹرائل ہیں جبکہ 8 ہزار 569 شہریوں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ قیدی دھوکا دہی، منشیات کی اسمگلنگ، جنسی حملوں، قتل، اور جعلی ویزے یا بوگس سفری دستاویزات کی تیاری جیسے سنگین مقدمات میں ملوث ہیں۔ اعداد و شمار کے لحاظ سے سب سے زیادہ پاکستانی قیدی سعودی عرب کی جیلوں میں موجود ہیں جن کی تعداد 10 ہزار 745 ہے؛ ان میں سے 5 ہزار 445 جدہ اور 5 ہزار 300 ریاض میں قید ہیں۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ہے، جہاں 5297 پاکستانی شہری قید ہیں۔

دستاویز میں اس تلخ حقیقت کی بھی نشان دہی کی گئی ہے کہ ان قیدیوں میں سے 2100 ایسے 14 ممالک میں قید ہیں جن کے ساتھ پاکستان کا ملزمان کی حوالگی (Extradition Treaty) کا کوئی معاہدہ موجود نہیں ہے، جس کی وجہ سے انہیں وطن واپس لانے میں شدید قانونی رکاوٹیں درپیش ہیں۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق بحرین میں 581، قطر میں 599، ملائیشیا میں 459، عمان میں 252، عراق میں 81، تھائی لینڈ میں 35، آسٹریلیا میں 27، کمبوڈیا میں 22، جاپان میں 16، مصر میں 12، اردن میں 8 اور جنوبی کوریا میں 7 پاکستانی قید ہیں، جبکہ فلپائن اور ویتنام کی جیلوں میں بھی ایک ایک پاکستانی قیدی موجود ہے۔