جعلی سفری دستاویزات پر ملائیشیا فرار ہونے کی کوشش ناکام، ایف آئی اے نے مسافر کو گرفتار کر لیا
پشاور (کرائمز رپورٹر): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے پشاور میں ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی ویزے اور بوگس امیگریشن اسٹیمپس کے ذریعے ملائیشیا جانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اہم اور حساس سفری دستاویزات برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ ملزم کو مزید پوچھ گچھ کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مسافر نور خان ولد عبدالرؤف خان پرواز نمبر OD-132 کے ذریعے پشاور سے ملائیشیا روانہ ہو رہا تھا۔ ایئرپورٹ پر دورانِ امیگریشن جانچ پڑتال افسران کو مسافر کے پاسپورٹ پر شک گزرا۔ باریک بینی سے معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر کے پاسپورٹ پر چین کا جعلی وزٹ ویزا، کراچی ایئرپورٹ کی جعلی روانگی مہر (ڈپارچر اسٹیمپ) اور ملائیشیا کی جعلی ایگزٹ اسٹیمپ لگی ہوئی تھی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق، ملزم نے امیگریشن قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ تمام مہریں اور ویزے غیر قانونی طریقے سے حاصل کیے تھے۔ حکام نے ملزم کو موقع پر ہی حراست میں لے کر باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس جعل سازی کے پیچھے متحرک بین الاقوامی ایجنٹوں اور گروہ کا سراغ لگایا جا سکے۔