حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
تحریک انصاف کا حکومت سے براہ راست مذاکرات نہ کرنے کا اعلان، تمام فیصلے اپوزیشن اتحاد اور آل پارٹیز کانفرنس میں ہوں گے: اسد قیصر Home / سیاست /

تحریک انصاف کا حکومت سے براہ راست مذاکرات نہ کرنے کا اعلان، تمام فیصلے اپوزیشن اتحاد اور آل پارٹیز کانفرنس میں ہوں گے: اسد قیصر

ایڈیٹر - 18/10/2026
تحریک انصاف کا حکومت سے براہ راست مذاکرات نہ کرنے کا اعلان، تمام فیصلے اپوزیشن اتحاد اور آل پارٹیز کانفرنس میں ہوں گے: اسد قیصر

اسلام آباد ( حسبان میڈیا)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے واشگاف الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ تحریکِ انصاف اب حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کے براہِ راست مذاکرات کا حصہ نہیں بنے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل کے تمام تر سیاسی فیصلے اب اپوزیشن اتحاد کے پلیٹ فارم اور آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے مشترکہ اجلاس میں کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق، میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے ساتھ تنہا بات چیت کا وقت اب گزر چکا ہے۔ انہوں نے وفاق کی موجودہ پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے یکطرفہ اور غیر جمہوری فیصلوں کا اب ایک ہی جواب ہے اور وہ ہے "بھرپور سیاسی مزاحمت"۔ اسد قیصر نے خبردار کیا کہ حکمران اتحاد کو اپنے کیے کا خمیازہ خود ہی بھگتنا پڑے گا۔

خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال اور صوبے میں ممکنہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے سابق اسپیکر نے عزم کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کسی بھی غیر آئینی اقدام کو تسلیم نہیں کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے کی کسی بھی کوشش کا ہر آئینی، قانونی اور عوامی فورم پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور صوبے کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔