بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے پاکستان تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں، بیرسٹر گوہر علی خان کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں باقاعدہ اعلان
اسلام آباد (حسبان میڈیا نیوز ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ 'ایکس' (سابقہ ٹویٹر) سے باقاعدہ طور پر لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔ انہوں نے عدالت عالیہ کو بتایا ہے کہ تحریک انصاف اس مخصوص اکاؤنٹ کی ملکیت یا اس سے کیے جانے والے روابط کا دعویٰ نہیں کرتی۔
یہ اہم ترین پیشرفت اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق ایک شہری کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران سامنے آئی۔ ہائی کورٹ کے معزز جج جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان ذاتی طور پر عدالت کے روبرو پیش ہوئے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکلاء پینل سے خالد یوسف چوہدری، شمسہ کیانی اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حکام بھی عدالت میں موجود تھے۔
سماعت کے آغاز پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عدالت نے آپ کو ذاتی حیثیت میں طلب نہیں کیا تھا، آپ صرف تحریری جواب بھی بھجوا سکتے تھے۔ اس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت کے سامنے کھڑے ہو کر بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے دور رہنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا کہ "پی ٹی آئی اس اکاؤنٹ کو کلیم نہیں کرتی۔"
بیرسٹر گوہر نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ موجودہ سیاسی حالات تبدیل ہو چکے ہیں، لہٰذا تفصیلی موقف سامنے لانے کے لیے کچھ وقت دیا جائے تاکہ پارٹی کی جانب سے باقاعدہ تحریری جواب داخل کیا جا سکے۔ فاضل جج نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پارٹی کو پورا وقت دیا جا رہا ہے، وہ جو کچھ بھی کہنا چاہتے ہیں اسے تحریری شکل میں جمع کرائیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے مزید وقت مانگے جانے پر عدالت نے کیس کی تفصیلی سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔