حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
"سلسلہ خیبرپختونخوا سے شروع ہوا ہے، اب پورا نظام ری بوٹ ہو رہا ہے"؛ سینیٹر فیصل واوڈا Home / سیاست /

"سلسلہ خیبرپختونخوا سے شروع ہوا ہے، اب پورا نظام ری بوٹ ہو رہا ہے"؛ سینیٹر فیصل واوڈا

ایڈیٹر - 14/10/2026

اسلام آباد (حسبان نیوز): ممتاز سیاستدان اور آزاد سینیٹر فیصل واوڈا نے وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال کے باعث ایمرجنسی کا نفاذ ناگزیر ہو چکا تھا اور یہ فیصلہ خالصتاً صوبے کے غیور عوام کے مفاد میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اب سیاسی جماعتوں کے جھوٹے نعروں پر نہیں بکیں گے اور اگلے 180 روز کے اندر صوبے کے عوام کو ہر صورت ریلیف ملے گا، چاہے یہ ریلیف عبدالغفور دے یا عبدالقدوس، عوام کو صرف ڈیلیوری اور کارکردگی سے مطلب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی، ریاستی اور معاشی دہشت گردی کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے اور اس گرینڈ آپریشن کا سلسلہ خیبرپختونخوا سے شروع ہو چکا ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی کابینہ کے 8 اہم ارکان ان کے رابطے میں تھے، جنہیں وہ بتا چکے ہیں کہ اب ان کا "شو" ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کا دہشت گرد عناصر کے ساتھ گٹھ جوڑ تھا اور گزشتہ 13 سال کی کارکردگی کا نتیجہ صرف تباہی کی صورت میں نکلا ہے جس کی وجہ سے صوبے میں دہشت گردی میں 195 فیصد اضافہ ہوا۔ فیصل واوڈا نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترانے اور پرچم کی بے حرمتی کرنے والوں کو عوام نشانِ عبرت بنا دیں گے، جبکہ وطنِ عزیز کے محافظوں اور شہداء کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کی زبانیں کھینچ لی جائیں گی۔

ملک کے سیاسی مستقبل اور نظام میں تبدیلیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے تشبیہ دی کہ جب نظام ہر جگہ سے ناکام ہو جائے تو موبائل فون کی طرح اسے بھی 'ری بوٹ' کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔ انہوں نے جمہوریت کو چلانے کے لیے ایک انوکھا فلسفہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ "جمہوریت چلانے کے لیے اب بچہ جمہورا لانا پڑے گا" اور پورا سسٹم دوبارہ اسٹارٹ ہو رہا ہے۔ ایک صحافی کی جانب سے ان کے اپنے مستقبل اور وزارتِ عظمیٰ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فیصل واوڈا نے مسکراتے ہوئے چٹکلا چھوڑا کہ "اگر ملک میں ایسے ایسے لوگ (وزیراعظم) بن سکتے ہیں، تو میرے جیسے بھی بن سکتے ہیں"۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں سیاست بانی پی ٹی آئی نے ہی سکھائی تھی اور وہ ماضی میں بانی پی ٹی آئی کو اس دلدل سے بچانا چاہتے تھے، مگر اب تحریک انصاف کا قصہ پارینہ بن چکا ہے۔