حسبان میڈیا (ویب ڈیسک) :ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا، ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے لارک جزیرے پر امریکی حملے کے ردعمل میں اردن میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق لارک جزیرے پر امریکی کارروائی کا جواب دیتے ہوئے اردن میں موجود 2 امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے گئے۔
دوسری جانب ایک خبررساں ادارے نے امریکی صحافی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی حملے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
امریکی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے تقریباً تمام میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔
ادھر اردن کی مسلح افواج نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 8 میزائلوں کو مار گرایا گیا۔
یہ تازہ کارروائی اس وقت سامنے آئی ہے جب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ لارک جزیرے پر امریکی حملے میں متعدد ایرانی اہلکار اور شہری شہید و زخمی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل ایک امریکی عہدیدار نے بتایا تھا کہ امریکی فورسز نے لارک جزیرے پر ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے 2 راکٹ لانچرز کو بمباری کرکے نشانہ بنایا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق یہ لانچرز آبنائے ہرمز کی جانب بحری بارودی سرنگیں لے جانے والے میزائل داغنے کی تیاری کر رہے تھے۔