حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے روس کے خلاف ڈرون کارروائیوں میں نمایاں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے فوج کو روزانہ کم از کم 1000 ڈرون حملوں کا ہدف دے دیا ہے۔
اپنے خطاب میں ولودیمیر زیلنسکی نے یوکرینی فوج کو ہدایت کی کہ روسی اہداف کے خلاف طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز کا استعمال مزید بڑھایا جائے۔ موجودہ اندازوں کے مطابق یوکرین روزانہ تقریباً 300 ڈرون حملے کررہا ہے، جبکہ نئے ہدف کے تحت اس تعداد کو 3 گنا سے بھی زیادہ بڑھانا ہوگا۔
یوکرینی صدر نے کہا کہ فوج کے سامنے ایک واضح ہدف رکھ دیا گیا ہے اور اسے ہر صورت حاصل کیا جائے گا۔
ولودیمیر زیلنسکی نے اپنے خطاب میں امریکی انٹیلی جنس سربراہ کے ماسکو دورے کا بھی حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیف کو روسی دارالحکومت میں ہونے والی حالیہ ملاقاتوں کے بارے میں معلومات موصول ہوئی ہیں، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔
دوسری جانب کریملن نے امریکی انٹیلی جنس سربراہ کی ماسکو میں روسی انٹیلی جنس حکام سے ملاقات کی تصدیق کردی ہے، تاہم روسی حکام کا کہنا ہے کہ ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
یوکرین کی جانب سے روزانہ ڈرون حملوں کا ہدف 1000 تک بڑھانے کا اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ جاری ہے اور دونوں جانب سے طویل فاصلے تک حملوں کی صلاحیت بڑھانے پر توجہ دی جارہی ہے۔