حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران میں جنگ اور معاشی دباؤ کے بیچ مجتبیٰ خامنہ ای کا بڑا حکم، مایوسی پھیلانے والوں کو سخت وارننگ Home / بین الاقوامی /

ایران میں جنگ اور معاشی دباؤ کے بیچ مجتبیٰ خامنہ ای کا بڑا حکم، مایوسی پھیلانے والوں کو سخت وارننگ

ایڈیٹر - 29/08/2026
ایران میں جنگ اور معاشی دباؤ کے بیچ مجتبیٰ خامنہ ای کا بڑا حکم، مایوسی پھیلانے والوں کو سخت وارننگ

حسبا ن میڈیا (ویب ڈیسک): ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے ملک میں قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے حکام کو ایسے بیانات اور سرگرمیوں سے روک دیا ہے جو عوام کے حوصلے پست یا معاشرتی اتحاد کو متاثر کرسکتے ہیں۔

ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے تحریری پیغام میں حکومت کو ہدایت کی کہ موجودہ مشکل حالات میں مایوسی اور بددلی پیدا کرنے والے بیانات سے گریز کیا جائے، جبکہ ریاستی سطح پر کیے جانے والے تمام اقدامات میں قومی اتحاد کو ترجیح دی جائے۔

معاشی مشکلات پر قابو پانے کی ہدایت

سپریم لیڈر نے صدر مسعود پزیشکیان کی حکومت کی جانب سے بنیادی اشیائے ضروریہ اور عوامی خدمات کی فراہمی، متاثرہ علاقوں کی بحالی اور توانائی کے وسائل کے بہتر انتظام کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پابندیوں، معاشی دباؤ اور جنگ کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کے باوجود عوامی ضروریات پوری کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے مہنگائی، بے روزگاری اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں کو اہم چیلنجز قرار دیتے ہوئے سرمایہ کاری میں اضافے، ملکی پیداوار کے فروغ اور اقتصادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔

ڈالر کا انحصار کم، مقامی پیداوار بڑھانے پر زور

ایرانی سپریم لیڈر نے معیشت میں امریکی ڈالر کے کردار کو بتدریج کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملکی اقتصادی مسائل سے نمٹنے کے لیے مقامی پیداوار اور اندرونی وسائل پر زیادہ انحصار کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے حکومت کو ہدایت کی کہ ضروری اشیا کی درآمد صرف ضرورت کے مطابق کی جائے اور جہاں ممکن ہو وہاں مقامی مصنوعات کو ترجیح دی جائے۔

ان کے مطابق سرمایہ کاری کو ایسے شعبوں کی طرف منتقل کیا جانا چاہیے جو ملک کی حقیقی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ معاشی ترقی میں بھی کردار ادا کریں۔

دشمن کے بیانیے سے محتاط رہنے کا حکم

مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی حکام کو خبردار کیا کہ ملکی کمزوریوں کو ایسے انداز میں پیش نہ کیا جائے جس سے عوامی حوصلہ متاثر ہو یا مخالف قوتوں کو فائدہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنی دستیاب صلاحیتوں، ملکی وسائل اور عوامی اتحاد کو بروئے کار لاتے ہوئے موجودہ مشکلات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ان کے بقول بہتر انتظام اور معاشی خود انحصاری کے ذریعے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای کا یہ پیغام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران کو جنگ، سخت اقتصادی پابندیوں، توانائی اور ایندھن کے مسائل سمیت متعدد معاشی و سلامتی چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں تجارتی سرگرمیوں میں کمی نے بھی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

ایرانی قیادت کی جانب سے قومی اتحاد، عوامی حوصلے، ملکی پیداوار اور معاشی خود انحصاری پر زور کو موجودہ بحران کے دوران اندرونی استحکام برقرار رکھنے کی اہم کوشش قرار دیا جارہا ہے۔