حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
الجیریا میں جنگلات کی آگ بے قابو، 12 افراد جاں بحق اور 54 زخمی Home / بین الاقوامی /

الجیریا میں جنگلات کی آگ بے قابو، 12 افراد جاں بحق اور 54 زخمی

ایڈیٹر - 27/08/2026
الجیریا میں جنگلات کی آگ بے قابو، 12 افراد جاں بحق اور 54 زخمی

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): شمال مشرقی الجیریا میں شدید گرمی کے دوران بھڑکنے والی جنگلاتی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق جبکہ 54 زخمی ہوگئے۔

وزیر داخلہ سعید سیود کے مطابق آگ سے ہونے والی ہلاکتیں 3 صوبوں میں رپورٹ ہوئیں۔ جیجل میں 5، بجایا میں 4 جبکہ تیزی وزو میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

حکام کے مطابق صرف ایک روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے آگ لگنے کے 154 واقعات کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ صوبہ بجایا کو سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شمار کیا جارہا ہے، جہاں 36 مقامات پر جنگلات میں آگ بھڑکی، تاہم ان میں سے 18 مقامات پر فائر فائٹرز نے قابو پالیا۔

آگ سے جھلسنے والے 54 افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

شدید متاثرہ علاقوں میں آگ رہائشی آبادیوں کے قریب پہنچنے کے باعث متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا، جبکہ شہریوں کو متاثرہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق الجیریا اس وقت شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے اور خشک موسم، تیز ہواؤں اور غیر معمولی بلند درجہ حرارت نے جنگلاتی آگ کے پھیلاؤ میں مزید شدت پیدا کردی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث شمالی افریقہ میں درجہ حرارت میں اضافے اور خشک سالی کے رجحان سے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے، جس کے باعث مستقبل میں ایسے واقعات زیادہ شدت اختیار کرسکتے ہیں۔