حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اتحادی ممالک کے متعدد وزرائے خارجہ کو آگاہ کیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کا فوری امکان نہیں۔
امریکی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مارکو روبیو نے حالیہ دنوں میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطوں کے دوران واضح کیا کہ واشنگٹن نے ایران کے خلاف اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لاتے ہوئے فوجی حملوں کے بجائے معاشی اور سفارتی دباؤ بڑھانے کا راستہ اختیار کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے اتحادیوں کو آگاہ کیا کہ ایران کے خلاف کارروائی کو اب نئی پابندیوں اور دیگر معاشی اقدامات کی شکل دی جا رہی ہے، جن کا مقصد تہران پر دباؤ برقرار رکھنا ہے۔
مارکو روبیو کے مطابق امریکا اس وقت ایران پر دباؤ ڈالنے کے لیے فوجی کارروائی کے علاوہ دیگر ذرائع پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، جن میں رواں ہفتے اعلان کی جانے والی نئی پابندیوں کی مہم بھی شامل ہے۔
امریکی حکام کے اس مؤقف کے بعد ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے حوالے سے واشنگٹن کی آئندہ حکمت عملی پر نئی توجہ مرکوز ہوگئی ہے، تاہم امریکی حکومت کی جانب سے ایران پر مزید حملوں کے امکان کو مستقل طور پر مسترد کرنے کا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔