حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
چین کی طرف سے فلسطین تنازع کے حل کا فارمولا سامنے آگیا، چینی صدر شی جن پنگ نے 4 اہم اصول بتادیے Home / بین الاقوامی /

چین کی طرف سے فلسطین تنازع کے حل کا فارمولا سامنے آگیا، چینی صدر شی جن پنگ نے 4 اہم اصول بتادیے

ایڈیٹر - 25/08/2026
چین کی طرف سے فلسطین تنازع کے حل کا فارمولا سامنے آگیا، چینی صدر شی جن پنگ نے 4 اہم اصول بتادیے

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک) : چینی صدر شی جن پنگ نے فلسطین کے دیرینہ تنازع کے حل کے لیے 4 نکاتی فارمولا پیش کرتے ہوئے سیاسی مذاکرات، دو ریاستی حل اور شہریوں کے تحفظ کو بنیادی ترجیحات قرار دے دیا۔

شی جن پنگ کے مطابق فلسطین کے مسئلے کا پائیدار حل طاقت کے بجائے سیاسی مفاہمت کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے اور دو ریاستی حل کو بنیادی راستے کے طور پر اختیار کیا جائے۔

چینی صدر نے مسئلے کے حل کے لیے پہلا اصول بیان کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی سمجھوتے کو ترجیح دی جائے اور مذاکرات کے ذریعے فلسطینی تنازع کا دو ریاستی حل نکالا جائے۔

ان کے مطابق دوسرا اہم اصول یہ ہے کہ مغربی کنارے اور جنگ کے بعد غزہ میں فلسطینی عوام ہی حکمرانی اور انتظامی امور کی ذمہ داری سنبھالیں تاکہ فلسطینی علاقوں کے مستقبل کا فیصلہ خود فلسطینی عوام کی مرضی کے مطابق ہو۔

شی جن پنگ نے تیسرے اصول میں انسانی ہمدردی کو مرکزی حیثیت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ سے متاثرہ آبادی کو بنیادی انسانی امداد فراہم کی جائے اور عام شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

چینی صدر نے چوتھے اصول کے طور پر انصاف اور مساوات کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا حل ایسا ہونا چاہیے جس میں تمام فریقوں کے جائز حقوق اور مفادات کو مدنظر رکھا جائے۔

شی جن پنگ نے واضح کیا کہ فلسطینی تنازع کے پائیدار حل کے لیے عالمی برادری کو سیاسی کوششوں، انسانی بنیادوں اور انصاف کے اصولوں کو یکجا کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔