حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف نئی اور سخت معاشی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے اب تک کسی مخالف ملک کے خلاف کی جانے والی سب سے بڑی مالی مہم قرار دیا ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف دباؤ بڑھانے کے لیے معاشی محاذ پر فیصلہ کن اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی فوجی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی تقریباً 100 فیصد فوجی فیکٹریاں تباہ کی جاچکی ہیں، جبکہ ایرانی جوہری پروگرام کو بھی شدید نقصان پہنچا کر تقریباً ختم کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اب ایران کے خلاف کارروائی کے ایک نئے اور اہم مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جہاں فوجی اقدامات کے ساتھ ساتھ معاشی دباؤ بھی مزید بڑھایا جائے گا۔
اسکاٹ بیسنٹ نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف شروع کی جانے والی نئی مالیاتی مہم غیر معمولی نوعیت کی ہوگی اور اس کے ذریعے ایرانی معیشت پر دباؤ مزید بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔
امریکی وزیر خزانہ کے بیان کے مطابق واشنگٹن اب ایران کے خلاف معاشی محاذ پر ایسے اقدامات کرنے جا رہا ہے جن کا مقصد تہران کی مالی اور معاشی صلاحیتوں کو محدود کرنا ہے۔