حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
یوکرین میں روسی ڈرون حملہ، شاپنگ سینٹر ملبے کے ڈھیر میں تبدیل، 16 افراد ہلاک، 130 سے زائد زخمی Home / بین الاقوامی /

یوکرین میں روسی ڈرون حملہ، شاپنگ سینٹر ملبے کے ڈھیر میں تبدیل، 16 افراد ہلاک، 130 سے زائد زخمی

ایڈیٹر - 22/08/2026
یوکرین میں روسی ڈرون حملہ، شاپنگ سینٹر ملبے کے ڈھیر میں تبدیل،  16 افراد ہلاک، 130 سے زائد زخمی

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): یوکرین کے وسطی شہر کریوی ریح میں روسی ڈرون حملے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، شاپنگ سینٹر کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 130 سے زائد زخمی ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق علاقائی گورنر اولیکساندر ہانژا نے بتایا کہ حملہ جمعے کے روز کیا گیا، جس میں تجارتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ زخمیوں میں 22 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 29 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے، جن میں 5 بچے شامل ہیں۔

اولیکساندر ہانژا کے مطابق ابتدائی معلومات میں 9 افراد کے لاپتا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے کے ساتھ ساتھ اندر پھنسے ممکنہ متاثرین کی تلاش میں مصروف ہیں۔

یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی سنگین اور قابل مذمت کارروائی قرار دیا۔ ان کے مطابق پہلے ڈرون حملے کے تقریباً 30 منٹ بعد ایک اور روسی ڈرون شاپنگ سینٹر سے ٹکرایا، جس سے خدشہ ہے کہ امدادی کارروائیوں میں مصروف اہلکاروں کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

ولودیمیر زیلنسکی نے اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں اور امدادی کارکنوں کو اس انداز میں نشانہ بنانا دہشت گردی کے مترادف ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے روس کو اس حملے کا ذمہ دار ٹھہرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ یوکرین اس کارروائی کا جواب دے گا۔

کریوی ریح یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کا آبائی شہر بھی ہے۔ حملے کے بعد متاثرہ علاقے میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں، جبکہ صنعتی عمارت سے اٹھنے والے گہرے دھویں نے تباہی کی شدت کو نمایاں کردیا۔

میکولائیف میں بھی روسی حملہ

اسی روز یوکرین کے جنوبی علاقے میکولائیف میں بھی روسی ڈرون حملے کی اطلاعات سامنے آئیں، جہاں کم از کم 4 افراد ہلاک ہوئے۔ یوکرینی سرکاری میڈیا کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 بچے شامل ہیں، جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی۔

روس اور یوکرین کے درمیان فضائی حملوں میں اس وقت مزید شدت دیکھی جارہی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان جنگی محاذ پر بھی کشیدگی برقرار ہے۔

اس حملے سے ایک روز قبل روسی بیلسٹک میزائل نے یوکرین کے دارالحکومت کیف کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دوسری جانب یوکرین نے بھی روس کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں اور یوکرینی فورسز روس کی تیل تنصیبات سمیت جنگی سازوسامان کی ترسیل سے منسلک بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ یوکرین کا مؤقف ہے کہ ان حملوں کا مقصد روس کی جنگی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔