حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران پر سخت ترین معاشی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی پر شدید ردعمل، نئے چہرے پرانی دھمکیاں، لیکن پھر بھی مقدر ناکامی ہی ہے Home / بین الاقوامی /

ایران پر سخت ترین معاشی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی پر شدید ردعمل، نئے چہرے پرانی دھمکیاں، لیکن پھر بھی مقدر ناکامی ہی ہے

ایڈیٹر - 22/08/2026
 ایران پر سخت ترین معاشی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی پر شدید ردعمل،  نئے چہرے پرانی دھمکیاں، لیکن پھر بھی مقدر ناکامی ہی ہے

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر سخت ترین معاشی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے امریکا کی سابقہ دباؤ کی پالیسیوں کو ناکام قرار دے دیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف غیر معمولی نوعیت کی معاشی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی تہران پر سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کی بات کی ہے اور دیگر ممالک پر امریکا کا ساتھ دینے کے لیے زور دیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس اعلان کے جواب میں ماضی کی امریکی پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اس سے پہلے بھی ایران کے خلاف پابندیوں کو انتہائی تباہ کن قرار دے چکا ہے، تاہم وہ اقدامات اپنے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکے۔

عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں خاص طور پر 2012 میں عائد کی جانے والی امریکی پابندیوں کا حوالہ دیا اور انہیں ایک لفظ میں ’’ناکام‘‘ قرار دیا۔

انہوں نے امریکا کی جانب سے شروع کی گئی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکمت عملی بھی ایران کو جھکانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق تقریباً 5 ماہ قبل امریکا نے ایران سے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن یہ کوشش بھی ناکام رہی۔

عباس عراقچی نے امریکی دھمکیوں پر طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے ایک بار پھر نئی دھمکی سامنے آئی ہے، تاہم پالیسی وہی پرانی ہے اور صرف دھمکی دینے والے چہرے تبدیل ہوئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکی حکمت عملی میں الفاظ اور شخصیات تبدیل ہوسکتی ہیں، لیکن ایران پر دباؤ ڈال کر اسے اپنے مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش نئی نہیں ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ماضی کے تجربات اس بات کا ثبوت ہیں کہ صرف معاشی دباؤ اور دھمکیوں کے ذریعے ایران کو اپنی پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔