حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ کا مکسڈ ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اعصام الحق نے جرمنی کی نینا ہرمن کے ساتھ جوڑی بنا کر فائنل میں پرتگال کی ٹاپ سیڈ جوڑی فریڈ گل اور ریٹا فریٹاس کو شکست دی۔ پاکستانی جوڑی نے فیصلہ کن معرکے میں حریف ٹیم کو 6-4 اور 6-3 سے مات دے کر عالمی اعزاز حاصل کیا۔
اعصام الحق اور نینا ہرمن نے دونوں سیٹس میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے میچ پر اپنی گرفت برقرار رکھی اور بالآخر کامیابی اپنے نام کرلی۔
دوسری جانب مینز ڈبلز کے فائنل میں اعصام الحق اور عقیل خان کو فرانس کے جیکس گلے اور ژاں بپٹسٹ رینالٹ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان نے آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 4 تمغے حاصل کیے، جن میں 1 طلائی، 2 چاندی اور 1 کانسی کا تمغہ شامل ہے۔
عقیل خان نے 40 پلس مکسڈ ڈبلز میں جرمنی کی ایلین اراناس روتھ کے ساتھ مل کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ اعصام الحق اور عقیل خان نے مینز 45 پلس ڈبلز میں پاکستان کے لیے چاندی کا تمغہ جیتا۔
پاکستانی ٹینس کے لیے یہ کامیابی عالمی سطح پر ایک نمایاں پیش رفت قرار دی جارہی ہے، جب کہ اعصام الحق کے مکسڈ ڈبلز میں عالمی چیمپئن بننے سے ملک کے لیے ایک اور بڑا اعزاز بھی حاصل ہوگیا۔