حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ٹرمپ کا بڑا اعلان، آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کی دھمکی Home / بین الاقوامی /

ٹرمپ کا بڑا اعلان، آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کی دھمکی

ایڈیٹر - 15/08/2026
ٹرمپ کا بڑا اعلان، آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کی دھمکی

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اور غیر معمولی اعلان کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہت جلد اس اہم بحری گزرگاہ کو امریکی علاقہ قرار دینے سے متعلق اعلان کریں گے۔

امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران پر معاشی دباؤ مزید بڑھانے کی تیاری کررہا ہے تاکہ تہران کو جنگ ختم کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر جلد ایک اہم اعلان سامنے آئے گا۔ ان کے اس بیان نے خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں نئی تشویش پیدا کردی ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے اور یہاں سے دنیا کے مختلف حصوں تک بڑی مقدار میں تیل منتقل کیا جاتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر آبنائے ہرمز کی حیثیت یا اس پر کنٹرول کے حوالے سے امریکا کی جانب سے کوئی بڑا قدم اٹھایا گیا تو اس کے اثرات صرف ایران اور امریکا تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی توانائی منڈی اور تیل کی قیمتوں پر بھی نمایاں اثر پڑ سکتا ہے۔

ایران کے خلاف مزید سخت اقدامات کا اعلان

دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی ایران کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کا عندیہ دیا ہے۔

اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق امریکا آئندہ ہفتے کے آغاز میں ایران کے خلاف ایسی سخت پابندیاں اور معاشی اقدامات نافذ کرے گا جن کی مثال اس سے پہلے نہیں ملتی۔

امریکی صدر اور وزیر خزانہ کے بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور آبنائے ہرمز پہلے ہی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔