حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران کا نیا فوجی ڈاکٹرائن، پاسداران انقلاب کو دشمن کی سرزمین تک کارروائی کا حکم Home / بین الاقوامی /

ایران کا نیا فوجی ڈاکٹرائن، پاسداران انقلاب کو دشمن کی سرزمین تک کارروائی کا حکم

ایڈیٹر - 13/08/2026
ایران کا نیا فوجی ڈاکٹرائن، پاسداران انقلاب کو دشمن کی سرزمین تک کارروائی کا حکم

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ایرانی پاسداران انقلاب نے نئے فوجی ڈاکٹرائن کے تحت اپنی عسکری صلاحیتیں اس حد تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر دشمن کی سرزمین کے اندر بھی جارحانہ کارروائیاں کی جا سکیں۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے سینیئر مشیر بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاسداران انقلاب کو اپنی جنگی استعداد میں اس قدر اضافہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کہ ملکی حدود سے باہر دشمن کے علاقے تک فوجی کارروائیاں انجام دینے کی صلاحیت حاصل کی جاسکے۔

بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی کے مطابق ایران کو ایسی دفاعی پوزیشن اختیار کرنا ہوگی جس میں ضرورت پڑنے پر جنگ کو دشمن کے علاقے تک منتقل کرنے کی صلاحیت موجود ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے جارحانہ فوجی ڈاکٹرائن کا بنیادی تقاضا بھی یہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کا دفاعی بجٹ ایران کے دفاعی بجٹ سے تقریباً 100 گنا زیادہ ہے، اس کے باوجود ایران کے خلاف جنگ میں دشمن کے تمام 14 مقاصد ناکامی سے دوچار ہوئے۔

پاسداران انقلاب کے سینیئر مشیر نے کسی مخصوص ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ ایرانی فورسز کو ایسی صلاحیت حاصل کرنی چاہیے جسے ضرورت کے وقت عملی طور پر استعمال کیا جاسکے۔

رضا نقدی کا کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب کو واضح طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دشمن کے خلاف بیرونِ ملک جارحانہ کارروائی کی مطلوبہ صلاحیت پیدا کریں، تاکہ کسی بھی ممکنہ جنگی صورتحال میں ایران مؤثر انداز میں جواب دے سکے۔

ایرانی رہنما کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور فوجی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث تہران کی نئی عسکری حکمت عملی نے عالمی سطح پر بھی توجہ حاصل کرلی ہے۔