حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے سخت بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ تہران اپنی فوجی صلاحیت کا بڑا حصہ کھو چکا ہے اور اب مشرق وسطیٰ میں پہلے جیسی طاقت نہیں رکھتا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے پاس اب نہ مؤثر بحریہ ہے اور نہ فضائیہ، جبکہ ان کے بقول پاسدارانِ انقلاب بھی ختم ہوچکی ہے اور ایرانی فوجی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں یہ کنٹرول برقرار رہے گا۔ انہوں نے امریکی بحری ناکہ بندی کو ’’آہنی دیوار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اس کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ایرانی قیادت غیر یقینی کی کیفیت میں ہے اور ملک کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے بقول ایران میں مہنگائی کی شرح 300 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور آنے والے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران محض بیانات تک محدود ہے اور عملی طور پر کچھ کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ ان کے خیال میں ایران اب مشرق وسطیٰ میں پہلے والا ’’بدمعاش‘‘ ملک نہیں رہا۔
واضح رہے کہ یہ تمام دعوے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر مبنی ہیں، جن کی آزادانہ طور پر تصدیق اس خبر میں شامل معلومات سے نہیں ہوتی۔