حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اسحاق ڈار کا ایرانی ہم منصب سے اہم رابطہ، مکہ دفاعی معاہدے اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو Home / بین الاقوامی /

اسحاق ڈار کا ایرانی ہم منصب سے اہم رابطہ، مکہ دفاعی معاہدے اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو

ایڈیٹر - 11/08/2026
اسحاق ڈار کا ایرانی ہم منصب سے اہم رابطہ، مکہ دفاعی معاہدے اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت، امن و استحکام کی صورتحال اور حالیہ مکہ دفاعی معاہدے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے دفاعی تعاون کے معاہدے سمیت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر اپنے مؤقف کا تبادلہ کیا۔ بات چیت میں خطے میں امن کے فروغ اور استحکام کے لیے جاری کوششوں کو بھی زیرِ بحث لایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق عباس عراقچی نے اسحاق ڈار کو عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز میں نئی تجارتی راہداری سے متعلق ہونے والی حالیہ بات چیت سے آگاہ کیا اور اس پیش رفت پر پاکستانی ہم منصب کو اعتماد میں لیا۔

دوسری جانب اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ کو مکہ دفاعی معاہدے کے مقاصد اور اس کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاہدے کا بنیادی مقصد اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان رابطے میں علاقائی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔