ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک، حسبان میڈیا)
سعودی عرب کا دارالحکومت ریاض ڈیجیٹل اسپورٹس کی دنیا میں ایک نیا تاریخی ریکارڈ قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔ سعودی عرب رواں سال 2 سے 29 نومبر 2026 تک دنیا کے پہلے 'ای سپورٹس نیشنز کپ' (eSports Nations Cup) کی میزبانی کرے گا۔ ای سپورٹس ورلڈ کپ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے اس چار ہفتوں کے طویل اور میگا ٹورنامنٹ میں دنیا بھر کے 100 سے زائد ممالک کے مایہ ناز کھلاڑی اور ٹیمیں حصہ لیں گی، جو 16 مختلف مقبول ترین ڈیجیٹل گیمز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔
یہ تاریخی ٹورنامنٹ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے انقلابی ترقیاتی منصوبے 'سعودی ویژن 2030' کا ایک اہم حصہ ہے۔ عالمی سطح پر گیمنگ کی صنعت کو فروغ دینے اور معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اس ایونٹ کو انتہائی اہمیت حاصل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ 2027 میں شیڈولڈ 'اولمپک ای سپورٹس گیمز' کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک انتہائی اہم اور فیصلہ کن سنگِ میل ثابت ہوگا، جس سے سعودی عرب عالمی سطح پر ای سپورٹس کے سب سے بڑے مرکز کے طور پر ابھرے گا۔ ٹورنامنٹ کے انتظامات اور گیمز کے فائنل لائن اپ کے حوالے سے تفصیلی شیڈول کا اعلان جلد متوقع ہے۔