حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): لوئر جنوبی وزیرستان کے مرکزی شہر وانا میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ حملہ آور کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران تقریباً 10 کلو وزنی پریشر بم برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا گیا، جبکہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مبینہ طور پر وانا بازار میں دھماکا خیز مواد نصب کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ ایک مقامی شہری بلال نے مشتبہ شخص کو بم نصب کرتے دیکھ لیا۔ بلال نے اسے روکنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی، جس کے بعد مشتبہ شخص وہاں سے فرار ہونے لگا۔
اطلاع ملتے ہی سٹی تھانہ وانا کی پولیس حرکت میں آئی اور مشتبہ شخص کا تعاقب شروع کردیا۔ پولیس نے وچہ خواڑہ کے مقام پر کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار شخص کا ایک مبینہ ساتھی وانا بازار سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب بم ڈسپوزل یونٹ کو اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا، جہاں ماہر اہلکاروں نے تقریباً 10 کلو وزنی پریشر بم کو بحفاظت ناکارہ بنا دیا۔ بم کو بروقت ناکارہ بنائے جانے کے بعد علاقے میں ممکنہ خطرہ ٹل گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار مشتبہ شخص سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ ابتدائی تفتیش کے دوران اس کی جانب سے مبینہ طور پر بدامنی کے بعض واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی سامنے آیا ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ان دعوؤں کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
واقعے کے بعد وانا بازار اور گردونواح میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، جبکہ پولیس نے علاقے میں نگرانی بڑھا دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقامی شہری کی بروقت اطلاع اور پولیس کی فوری کارروائی کے باعث ممکنہ طور پر ایک بڑی بدامنی کی کارروائی کو ناکام بنایا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاہ حسین نے کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے ان کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔