حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
جنوبی وزیرستان میں پھر خونریزی، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق Home / پاکستان /

جنوبی وزیرستان میں پھر خونریزی، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

ایڈیٹر - 09/08/2026
جنوبی وزیرستان میں پھر خونریزی، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): لوئر جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئی خلہ کے علاقے زرملن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد علاقے میں خوف و تشویش کی فضا پیدا ہوگئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ زرملن کے علاقے دواساراکئی میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے 2 افراد کو نشانہ بنایا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس نے جاں بحق افراد کی شناخت ملک بادشاہ ولد خیال، سلیمان خیل شاخ کمرانی اور حاجی گل، سلیمان خیل شاخ مورخان خیل کے نام سے کی ہے۔ حاجی گل پیشے کے اعتبار سے ٹھیکیدار بتایا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے محرکات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکے۔ واقعے کے بعد پولیس اور متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، جبکہ علاقے میں نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں اور فائرنگ میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ وزیرستان میں بدامنی کے واقعات میں مسلسل اضافہ شہریوں کے لیے باعث تشویش ہے، اس لیے حکومت کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

دوسری جانب وزیرستان کے سیاسی اور سماجی حلقوں نے بھی 2 افراد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات علاقے میں امن اور استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے واقعے کے محرکات سامنے لائے جائیں۔