حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
راولپنڈی میں منشیات کے مبینہ اڈے پر انسانیت سوز واقعہ، شہری پر حملہ کرکے آگ لگا دی گئی Home / پاکستان /

راولپنڈی میں منشیات کے مبینہ اڈے پر انسانیت سوز واقعہ، شہری پر حملہ کرکے آگ لگا دی گئی

ایڈیٹر - 09/08/2026
راولپنڈی میں منشیات کے مبینہ اڈے پر انسانیت سوز واقعہ، شہری پر حملہ کرکے آگ لگا دی گئی

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): تھانہ وارث خان کے علاقے لنڈا بازار میں منشیات کے مبینہ اڈے پر جھگڑے کے دوران ایک شہری پر تشدد اور اسے آگ لگانے کا ہولناک واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی ہے۔

سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند افراد ایک شہری کو پکڑ کر اس پر خنجروں سے حملہ کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوجاتا ہے۔ فوٹیج میں شہری کو جان بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جبکہ حملہ آور گلی میں چھریاں تیز کرنے اور ڈنڈے لہرانے میں مصروف نظر آتے ہیں۔

ویڈیو کے ایک حصے میں مبینہ طور پر شہری کو آگ لگائے جانے کا منظر بھی دکھائی دیتا ہے، جس نے واقعے کی سنگینی کو مزید نمایاں کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تھانہ بنی اور تھانہ وارث خان کی حدود میں منشیات کے عادی افراد کے مبینہ طور پر خنجروں اور دیگر ہتھیاروں کے ساتھ گھومنے کی شکایات پہلے بھی سامنے آتی رہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ بنی کے علاقے جامع مسجد روڈ پر بھی ماضی میں منشیات کے عادی افراد کی جانب سے خنجر کے وار سے ایک شہری کو قتل کیے جانے کا واقعہ پیش آچکا ہے۔

حالیہ واقعے کے حوالے سے پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مبینہ طور پر واقعے کی وجہ موبائل فون کی رقم کے لین دین پر پیدا ہونے والا تنازع تھا، جو بعد ازاں پرتشدد جھگڑے میں تبدیل ہوگیا۔

واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ علاقہ مکینوں نے منشیات کے مبینہ اڈوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور گرفتار ملزم سے تفتیش کے ذریعے حملے میں ملوث دیگر افراد کا تعین کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔