حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
طلبہ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کا بڑا موقع، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں جاب فئیر 20 اگست کو ہوگا Home / پاکستان /

طلبہ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کا بڑا موقع، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں جاب فئیر 20 اگست کو ہوگا

ایڈیٹر - 09/08/2026
طلبہ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کا بڑا موقع، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں جاب فئیر 20 اگست کو ہوگا

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے طلبہ، فارغ التحصیل نوجوانوں اور ملک بھر کی دیگر جامعات کے طلبہ کو روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے 20 اگست کو خصوصی جاب فئیر منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یونیورسٹی کے سائنس بلاک میں ہونے والا یہ جاب فئیر صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا، جبکہ تقریب کا افتتاح یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کریں گے۔

انتظامیہ کے مطابق جاب فئیر کا بنیادی مقصد طلبہ اور نوجوانوں کو معروف سرکاری و نجی اداروں کے نمائندوں سے براہِ راست رابطے کا موقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ روزگار کے ساتھ ساتھ انٹرن شپ، تربیتی پروگراموں اور پیشہ ورانہ رہنمائی سے بھی فائدہ اٹھا سکیں۔

جاب فئیر میں مختلف قومی و بین الاقوامی کمپنیوں، سرکاری اداروں، نجی شعبے، مالیاتی اداروں اور دیگر اہم تنظیموں کے نمائندہ اسٹالز قائم کیے جائیں گے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، بینکاری، تعلیم، صحت، صنعت اور خدمات سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ ادارے اس سرگرمی میں شریک ہوں گے۔

شرکا کو موقع پر ملازمتوں، انٹرن شپ، گریجویٹ تربیتی پروگراموں، پیشہ ورانہ رہنمائی اور مستقبل کے کیریئر سے متعلق مشاورت فراہم کی جائے گی، جبکہ نوجوان براہِ راست متعلقہ اداروں کے نمائندوں سے اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کے حوالے سے گفتگو بھی کرسکیں گے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ طلبہ کو عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور ان میں پیشہ ورانہ صلاحیتیں پیدا کرنا یونیورسٹی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات نوجوانوں کو تعلیم کے بعد عملی میدان میں بہتر مواقع تلاش کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

فیکلٹی آف سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد نے کہا کہ جاب فئیر کا مقصد جامعات اور صنعت کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا اور طلبہ کے لیے روزگار، انٹرن شپ اور پیشہ ورانہ تربیت کے نئے راستے کھولنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف قومی و نجی اداروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کرکے طلبہ کو براہِ راست اداروں سے رابطے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہتر پیشہ ورانہ سمت اختیار کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ اور فارغ التحصیل نوجوانوں سمیت دیگر جامعات کے طلبہ کو بھی جاب فئیر میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے تازہ ترین سی وی کے ہمراہ تقریب میں پہنچیں اور معروف اداروں کے نمائندوں سے براہِ راست رابطے کے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

انتظامیہ کے مطابق یہ جاب فئیر نوجوانوں کو روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ ان کے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی میں بھی معاون ثابت ہوسکتا ہے۔