حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والے دفاعی معاہدے پر اظہارِ مسرت کے لیے کراچی کی اہم سرکاری، تاریخی اور عوامی عمارتوں کو تینوں برادر اسلامی ممالک کے قومی پرچموں اور دلکش روشنیوں سے سجا دیا گیا۔
شہر کی نمایاں عمارتوں نے رات کے وقت ایک منفرد منظر پیش کیا۔ سندھ اسمبلی کی عمارت پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم آویزاں کیے گئے، جبکہ سندھ سیکریٹریٹ کو بھی تینوں ممالک کے پرچموں کے رنگوں سے ہم آہنگ خصوصی روشنیوں سے روشن کیا گیا۔
کراچی کی تاریخی شناخت سمجھے جانے والے فریئر ہال کو بھی دفاعی معاہدے کی مناسبت سے برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ خوبصورت روشنیوں اور قومی پرچموں سے مزین عمارت نے شہریوں کی خصوصی توجہ حاصل کی اور شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا۔
شہر کی اہم شاہراہوں اور دیگر نمایاں مقامات پر بھی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم نصب کیے گئے، جس سے کراچی میں تینوں ممالک کے درمیان دوستی، بھائی چارے اور یکجہتی کا پیغام نمایاں ہوا۔
حکام کے مطابق عمارتوں کو قومی پرچموں اور خصوصی روشنیوں سے آراستہ کرنے کا مقصد پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور دفاعی تعاون کے حوالے سے عوامی جذبات کا اظہار کرنا ہے۔
مکہ مکرمہ میں ہونے والے دفاعی معاہدے کے بعد تینوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو خطے میں سلامتی، دفاع اور مشترکہ مفادات کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ کراچی میں ہونے والی یہ سجاوٹ اسی پیش رفت پر اظہارِ یکجہتی کی علامت کے طور پر سامنے آئی ہے۔