حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وزارتِ مذہبی امور نے حج ۲۰۲۷ کے نجی حج آپریشن میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے سعودی عرب کے نسک مسار نظام سے ہم آہنگ نیا ڈیجیٹل طریقۂ کار متعارف کرانے کی تیاری کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ حج کے لیے نجی اسکیم کے تحت بکنگ کا عمل روایتی نجی آپریٹرز کے بجائے وزارتِ مذہبی امور کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
اس فیصلے کے بعد پہلی مرتبہ سرکاری حج آپریشن کے ساتھ نجی حج اسکیم بھی وزارتِ مذہبی امور کی براہِ راست نگرانی میں چلائی جائے گی، جس کا مقصد حج انتظامات کو زیادہ منظم، شفاف اور جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت لانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی حج اسکیم کے تمام اہم مراحل وزارتِ مذہبی امور کی سرکاری پاک حج ایپ کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔
نئے نظام کے تحت عازمین حج کی بکنگ اور دیگر متعلقہ امور کو ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جبکہ وزارتِ مذہبی امور پورے نجی حج آپریشن کی نگرانی کرے گی۔
حکام کے مطابق نئے طریقۂ کار کا بنیادی مقصد نجی حج انتظامات میں وزارت کی براہِ راست نگرانی کو یقینی بنانا اور سعودی عرب کے نئے حج انتظامی نظام کے ساتھ پاکستان کے طریقۂ کار کو ہم آہنگ کرنا ہے۔