حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کراچی میں ایدھی سینٹر پر مسلح ڈاکوؤں کا دھاوا، ملازمین کی تنخواہوں کے 65 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے Home / پاکستان /

کراچی میں ایدھی سینٹر پر مسلح ڈاکوؤں کا دھاوا، ملازمین کی تنخواہوں کے 65 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

ایڈیٹر - 08/08/2026
کراچی میں ایدھی سینٹر پر مسلح ڈاکوؤں کا دھاوا، ملازمین کی تنخواہوں کے 65 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): شہر کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایدھی سینٹر پر مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر عملے کو یرغمال بنایا اور ملازمین کی تنخواہوں کے لیے بینک سے لائی گئی 65 لاکھ روپے کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واردات جمعے کے روز سہراب گوٹھ میں قائم ایدھی سینٹر میں اس وقت پیش آئی جب مرکز کا عملہ بینک سے نقد رقم لے کر واپس پہنچا تھا۔ اسی دوران چار مسلح ملزمان نے سینٹر میں داخل ہوکر عملے کو قابو کرلیا اور رقم چھین کر موقع سے فرار ہوگئے۔

ایدھی حکام کے مطابق لوٹی گئی رقم 200 سے زائد ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے رکھی گئی تھی۔

ایدھی ترجمان محمد امین کے مطابق واردات میں ملوث چاروں ملزمان نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے اور اسلحے سے لیس تھے۔ ملزمان نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے چہرے بھی ڈھانپ رکھے تھے۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں مسلح ملزمان کو ایدھی سینٹر میں داخل ہوتے اور واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تفتیشی حکام سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کے خلاف کارروائی تیز کرنے اور انہیں جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

حکام کے مطابق واردات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ممکنہ راستوں اور شواہد کی بنیاد پر تفتیش آگے بڑھائی جارہی ہے۔