حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
نئے صوبوں کا مطالبہ زور پکڑ گیا، سپریم کورٹ بار کے صدر نے بڑا مؤقف پیش کردیا Home / پاکستان /

نئے صوبوں کا مطالبہ زور پکڑ گیا، سپریم کورٹ بار کے صدر نے بڑا مؤقف پیش کردیا

ایڈیٹر - 08/08/2026
نئے صوبوں کا مطالبہ زور پکڑ گیا، سپریم کورٹ بار کے صدر نے بڑا مؤقف پیش کردیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ہارون الرشید نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے اسے بہتر طرزِ حکمرانی، معاشی بہتری اور سیاسی استحکام کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔

جسٹس مسرت ہلالی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقدہ فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کو اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکہ ایجنڈے پر اتفاق کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام زیرِ التوا معاملات پر سنجیدہ، بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات وقت کی اہم ضرورت ہیں، کیونکہ سیاسی اتفاقِ رائے کے بغیر قومی مسائل کا مستقل حل ممکن نہیں۔

سپریم کورٹ بار کے صدر کا کہنا تھا کہ ملک میں نئے صوبوں کا قیام انتظامی امور کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور سیاسی استحکام میں بھی معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

ہارون الرشید نے صدرِ مملکت سے بھی اپیل کی کہ ججوں کی تقرری سے متعلق منظوری کے عمل میں مزید تاخیر نہ کی جائے تاکہ عدالتی نظام میں ضروری تقرریاں بروقت مکمل ہوسکیں۔

اس موقع پر ریٹائر ہونے والی جسٹس مسرت ہلالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جج آتے اور رخصت ہوتے رہتے ہیں، تاہم انصاف کا نظام اور اس کی اہمیت ہمیشہ برقرار رہنی چاہیے۔

فل کورٹ ریفرنس میں جسٹس مسرت ہلالی کی عدالتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے لیے مستقبل کے سفر میں نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔