حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
غزہ منصوبے پر اسرائیل کا یوٹرن؟ نیتن یاہو نے امریکی مسودہ مسترد کر دیا Home / بین الاقوامی /

غزہ منصوبے پر اسرائیل کا یوٹرن؟ نیتن یاہو نے امریکی مسودہ مسترد کر دیا

ایڈیٹر - 05/08/2026
غزہ منصوبے پر اسرائیل کا یوٹرن؟ نیتن یاہو نے امریکی مسودہ مسترد کر دیا

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے غزہ سے متعلق امریکی حمایت یافتہ مجوزہ منصوبے پر اتفاق کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے واشنگٹن کی جانب سے بھیجے گئے مسودے کو قبول نہیں کیا بلکہ اس پر اپنے تحفظات اور تجاویز واپس بھجوا دی ہیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کو یقین ہے کہ وہ حماس کو غیر مسلح کرنے اور غزہ کو عسکری سرگرمیوں سے پاک کرنے کے لیے قابلِ عمل حل نکال سکتی ہے، تاہم اسرائیل نے امریکی مسودے کو جوں کا توں قبول نہیں کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکی تجاویز کا جائزہ ضرور لیا جا رہا ہے، لیکن اسرائیل کا مؤقف بدستور برقرار ہے کہ غزہ میں کسی بھی سیاسی عمل، تعمیرِ نو یا مستقبل کے انتظامات سے قبل حماس کا مکمل طور پر غیر مسلح ہونا ناگزیر ہے۔

اسرائیلی وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ امریکی مسودے پر اسرائیل نے اپنی ترامیم، سفارشات اور تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا غزہ میں جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے بعد کے انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے مختلف فریقوں کے درمیان سفارتی کوششیں تیز کیے ہوئے ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بنیامین نیتن یاہو کے حالیہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ غزہ کے مستقبل اور حماس کے کردار سے متعلق اسرائیل اور امریکا کے درمیان اب بھی بعض اہم معاملات پر مکمل اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا۔

تاحال امریکی حکومت نے اسرائیلی وزیرِاعظم کے اس بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا، تاہم سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں اتحادی ممالک کے درمیان رابطے اور مشاورت کا عمل بدستور جاری ہے۔