حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کیف پر روس کا خوفناک حملہ، تیس سے زائد دھماکوں نے شہر لرزا دیا، متعدد زخمی اور ہلاک Home / بین الاقوامی /

کیف پر روس کا خوفناک حملہ، تیس سے زائد دھماکوں نے شہر لرزا دیا، متعدد زخمی اور ہلاک

ایڈیٹر - 05/08/2026
کیف پر روس کا خوفناک حملہ، تیس سے زائد دھماکوں نے شہر لرزا دیا، متعدد زخمی اور ہلاک

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی، جہاں روسی فوج کے بڑے حملے کے نتیجے میں یوکرین کا دارالحکومت کیف مسلسل دھماکوں سے گونج اٹھا، جبکہ مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی اور جانی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق روس نے کیف کو جدید بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، جس کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی اور فضائی حملے کے سائرن دیر تک بجتے رہے۔ حملوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کئی عمارتیں شدید متاثر ہوئیں۔

رپورٹس کے مطابق اس حملے میں کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 27 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ کیف کے میئر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی اور ریسکیو ٹیمیں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔ ایک تباہ شدہ گودام کے مقام پر بھی تلاش اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب روس نے 28 تیز رفتار بیلسٹک میزائل اور 115 ڈرونز داغے، تاہم فضائی دفاعی نظام ان میں سے کسی بھی میزائل کو روکنے میں کامیاب نہ ہو سکا، جس کے باعث حملوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

دوسری جانب روسی ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ حملوں میں انتہائی جدید ہتھیار استعمال کیے گئے، جنہوں نے اپنے اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو ساڑھے چار برس سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، اور حالیہ ہفتوں میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف حملوں کی شدت میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ چند روز قبل بھی دونوں جانب ہونے والی جوابی کارروائیوں میں متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔