حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سرکاری حج 2027 کی تیاریاں مکمل، لاکھوں پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، سرکاری حج پیکجز اور متوقع اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں Home / پاکستان /

سرکاری حج 2027 کی تیاریاں مکمل، لاکھوں پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، سرکاری حج پیکجز اور متوقع اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں

ایڈیٹر - 03/08/2026
سرکاری حج 2027 کی تیاریاں مکمل، لاکھوں پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، سرکاری حج پیکجز اور متوقع اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں

ويب ڈیسک: سرکاری حج اسکیم 2027 کے لیے درخواستوں کی وصولی آئندہ ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ وزارتِ مذہبی امور نئی حج پالیسی اور سرکاری حج پروگرام کی تفصیلات کا باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں سال بھی سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین کو طویل اور مختصر مدت کے حج پیکجز میں سے اپنی سہولت کے مطابق انتخاب کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں حج اخراجات میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت تقریباً ایک لاکھ سات ہزار آٹھ سو بتیس پاکستانی عازمین فریضۂ حج ادا کریں گے، جبکہ نجی حج اسکیم کے لیے مختص چالیس فیصد کوٹے کے تحت اکہتر ہزار آٹھ سو اٹھاسی افراد کو حج کی سہولت فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عازمین پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے حج واجبات دو اقساط میں وصول کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق طویل دورانیے کے حج پیکج کی لاگت تقریباً بارہ لاکھ روپے جبکہ مختصر دورانیے کے پیکج کی متوقع قیمت تیرہ لاکھ روپے ہو سکتی ہے۔

سرکاری حج پروگرام کے تحت درخواست گزار اپنی ضرورت، رہائش کی مدت اور دیگر سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب پیکج کا انتخاب کر سکیں گے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی سرکاری اسکیم کے ذریعے درخواست جمع کرانے اور حج واجبات ادا کرنے کی سہولت فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

حکام کے مطابق اس مرحلے میں صرف وہی افراد درخواستیں جمع کرا سکیں گے جنہوں نے پہلے سے لازمی رجسٹریشن مکمل کر رکھی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور جلد درخواستوں کے شیڈول، نامزد بینکوں، ادائیگی کے طریقۂ کار اور دیگر ضروری ہدایات پر مشتمل مکمل حج پالیسی جاری کرے گی۔