ویب ڈیسک: پنجاب کے علاقے روجھان میں مبینہ طور پر آلودہ سویاں کھانے سے ایک ہی خاندان کے 37 افراد کی طبیعت بگڑ گئی، جبکہ افسوسناک واقعے میں ایک کمسن بچی جان کی بازی ہار گئی۔ متعدد متاثرین کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں چند افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سانگھی بستی مٹھہ سنجرانی میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور متاثرہ بچوں، خواتین، مردوں اور بزرگوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد میں سے چار مریضوں کی حالت نازک ہے، جنہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے، جبکہ دیگر افراد کو بھی طبی نگرانی میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے سویاں کھانے سے اجتماعی طور پر بیمار ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کھانے میں کسی زہریلے یا مضر صحت مادے کی آمیزش کے باعث فوڈ پوائزننگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم حتمی وجہ لیبارٹری رپورٹس آنے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
انتظامیہ نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔