حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
شہید ایف سی اہلکار کے 66 لاکھ روپے کا پیکیج ہڑپ کرنے والا نجی بینک کا منیجر گرفتار Home / پاکستان /

شہید ایف سی اہلکار کے 66 لاکھ روپے کا پیکیج ہڑپ کرنے والا نجی بینک کا منیجر گرفتار

ایڈیٹر - 02/08/2026
شہید ایف سی اہلکار کے 66 لاکھ روپے کا پیکیج ہڑپ کرنے والا نجی بینک کا منیجر گرفتار

لکی مروت میں نجی بینک منیجر کی مجرمانہ کارروائی، شہید ایف سی اہلکار کے 66 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج، ملزم گرفتار

لکی مروت: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک انتہائی افسوسناک اور شرمناک مالی بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے، جہاں پولیس نے وطنِ عزیز پر جان نچھاور کرنے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے شہید اہلکار عرفان اللہ کے 'شہید پیکیج' کی خطیر رقم فراڈ کے ذریعے ہڑپ کرنے کے الزام میں ایک نجی بینک کے برانچ منیجر کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، یہ کارروائی نجی بینک کی تجوڑی برانچ کے منیجر نصیب اللہ کے خلاف عمل میں لائی گئی ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے شہید ایف سی اہلکار عرفان اللہ کے پسماندگان کے لیے حکومت کی طرف سے جاری کردہ 66 لاکھ روپے کی امدادی رقم دھوکہ دہی، جعلی دستاویزات اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹ سے نکال کر غبن کر لی۔ اس بھیانک فراڈ کا انکشاف اس وقت ہوا جب شہید کی بیوہ کو رقم کی منتقلی میں خرد برد کا شک ہوا۔

شہید عرفان اللہ کی بیوہ کی مدعیت میں تھانہ تجوڑی میں بینک منیجر نصیب اللہ کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی سنگین دفعات 406 (امانت میں خیانت)، 409 (سرکاری ملازم یا بینک افسر کی جانب سے خیانت)، 420 (دھوکہ دہی)، 463 (جعلسازی) اور 471 (جعلی دستاویزات کو اصل کے طور پر استعمال کرنا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مبینہ مالی بدعنوانی کے اس کیس کی تفصیلی اور شفاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ شہید کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔