حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بورڈ آف پیس کے تحت غزہ امن منصوبے کےمطابق تخفیفِ اسلحہ کے لئے پیش رفت کا خیرمقدم ، شہباز شریف Home / بین الاقوامی /

بورڈ آف پیس کے تحت غزہ امن منصوبے کےمطابق تخفیفِ اسلحہ کے لئے پیش رفت کا خیرمقدم ، شہباز شریف

ایڈیٹر - 01/08/2026
بورڈ آف پیس کے تحت غزہ امن منصوبے کےمطابق تخفیفِ اسلحہ کے لئے پیش رفت کا خیرمقدم  ، شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بورڈ آف پیس کے تحت غزہ امن منصوبے کےمطابق تخفیفِ اسلحہ کے لئے پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر امید ہے کہ غزہ امن منصوبے کے تحت تمام وعدوں پر عملدرآمد کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کی راہ ہموار ہو گی۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بورڈ آف پیس کے تحت غزہ امن منصوبے کے مطابق تخفیفِ اسلحہ کے عمل پر عملدرآمد کے لیے ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ثالثی کرنے والے ممالک جن میں امریکہ، مصر، قطر اور ترکیہ شامل ہیں اس پیش رفت کے لئے اپنی کوششوں پر خصوصی تحسین کے مستحق ہیں،صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ قیادت میں یہ بورڈ آف پیس کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اس پیش رفت کے نتیجے میں غزہ امن منصوبے کے تحت تمام وعدوں پر عملدرآمد کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے،پاکستان کو یہ بھی امید ہے کہ ان کوششوں سے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کی راہ ہموار ہو گی جبکہ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں سے ہم آہنگ، ایک قابلِ اعتماد اور مقررہ مدت کے سیاسی عمل کے ذریعے جغرافیائی طور پر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آئے گا جس کی سرحدیں 1967ء سے قبل کی حدود کے مطابق ہوں گی اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہوگا۔