حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکا کا جدید ترین جنگی طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ، کروڑوں ڈالر کا نقصان، حیران کن تفصیلات سامنے آگئے Home / بین الاقوامی /

امریکا کا جدید ترین جنگی طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ، کروڑوں ڈالر کا نقصان، حیران کن تفصیلات سامنے آگئے

ایڈیٹر - 01/08/2026
امریکا کا جدید ترین جنگی طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ، کروڑوں ڈالر کا نقصان، حیران کن تفصیلات سامنے آگئے

ویب ڈیسک: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع میرامار میرین کور ایئر اسٹیشن پر لینڈنگ کے دوران امریکی فوج کا جدید ترین جنگی طیارہ حادثے کا شکار ہو کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جبکہ پائلٹ بروقت طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہا اور اس کی جان بچ گئی۔

امریکی عسکری حکام کے مطابق حادثہ صبح کے وقت پیش آیا، جس کے فوراً بعد طیارے میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور جائے وقوعہ سے گہرے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھنے لگے۔ اطلاع ملتے ہی امدادی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں شروع کر دیں۔

میرین کور کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کے دوران کامیابی سے طیارہ چھوڑ دیا تھا۔ انہیں فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے اور زخم معمولی نوعیت کے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارہ لینڈنگ کے دوران غیر معمولی طور پر نیچے آ گیا اور رن وے تک پہنچنے سے پہلے ہی قریبی کھلے میدان میں جا گرا، جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا اور طیارہ آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔

ایک مقامی شہری نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے دو جنگی طیاروں کو ایک ساتھ اترتے دیکھا۔ پہلے طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی، تاہم دوسرا طیارہ اچانک غیر معمولی انداز میں آہستہ ہوا، پھر پائلٹ نے آخری لمحوں میں خود کو طیارے سے الگ کر لیا اور چند ہی لمحوں بعد طیارہ زمین سے ٹکرا کر دھماکے سے تباہ ہو گیا۔

مقامی فائر حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں قریبی جھاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی تھی، جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بجھا دیا گیا۔ جائے وقوعہ سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں امدادی اہلکار تباہ شدہ طیارے پر جھاگ اور پانی کے ذریعے آگ بجھاتے دکھائی دیے۔

عسکری ماہرین کے مطابق یہ جدید جنگی طیارہ مختصر فاصلے سے اڑان بھرنے اور تقریباً عمودی انداز میں لینڈنگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ اس کی مالیت تقریباً 10 کروڑ 90 لاکھ ڈالر بتائی جاتی ہے۔

امریکی فوج نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔