حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران نے امریکی فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کر دیا، واشنگٹن خاموش Home / بین الاقوامی /

ایران نے امریکی فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کر دیا، واشنگٹن خاموش

ایڈیٹر - 31/07/2026
ایران نے امریکی فوجی تنصیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کر دیا، واشنگٹن خاموش

ویب ڈیسک: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی مسلح افواج نے کویت میں قائم امریکی فوج کے اہم فضائی اڈے احمد الجابر کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی حالیہ امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون کارروائی کے دوران فضائی اڈے پر موجود ہینگرز، سیٹلائٹ مواصلاتی نظام اور فوجی سازوسامان کے ذخائر کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ یہ حملہ جزیرہ قشم میں ایک رہائشی مکان پر ہونے والی امریکی کارروائی کے ردعمل میں کیا گیا، جسے ایران نے اپنی خودمختاری پر حملہ قرار دیا ہے۔

ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ احمد الجابر فضائی اڈہ خطے میں امریکی فضائی نگرانی، فوجی نقل و حرکت اور مختلف عسکری کارروائیوں کے لیے نہایت اہم حیثیت رکھتا ہے، اسی لیے اسے ہدف بنایا گیا۔

دوسری جانب خبر سامنے آنے تک نہ تو امریکا اور نہ ہی کویت کی جانب سے ایرانی دعوے پر کوئی باضابطہ مؤقف جاری کیا گیا ہے، جبکہ آزاد ذرائع بھی اس حملے کی تصدیق نہیں کر سکے ہیں، جس کے باعث اس دعوے کی حقیقت تاحال واضح نہیں ہو سکی۔