ویب ڈیسک: حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے معاملے پر جاری اینٹی کرپشن تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اسپتال انتظامیہ نے تحقیقات کو عارضی طور پر روکنے کے لیے دس روزہ مہلت کی درخواست کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپتال کے بورڈ آف گورنرز کے سیکرٹری نے اینٹی کرپشن حکام کو ایک باضابطہ خط ارسال کیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متعلقہ کیس سے وابستہ تمام دستاویزات، ریکارڈ اور دیگر شواہد کو یکجا کرنے کا عمل جاری ہے، اس لیے تحقیقات کو دس دن کے لیے مؤخر کیا جائے۔
انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مطلوبہ ریکارڈ کی تیاری مکمل ہونے کے بعد تمام معلومات اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کر دی جائیں گی اور تحقیقات میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے حوالے سے اینٹی کرپشن کی جانب سے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا، جن کے دوران مختلف انتظامی معاملات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مکمل ریکارڈ کی فراہمی کے لیے محدود وقت درکار ہے تاکہ تمام حقائق منظم انداز میں تحقیقاتی ادارے کے سامنے پیش کیے جا سکیں۔