حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بلوچستان کی کوئلہ کان میں قیامت، 34 مزدور جان کی بازی ہار گئے،امدادی کارروائیاں جاری، حکومت کا معاوضے کا اعلان Home / پاکستان /

بلوچستان کی کوئلہ کان میں قیامت، 34 مزدور جان کی بازی ہار گئے،امدادی کارروائیاں جاری، حکومت کا معاوضے کا اعلان

ایڈیٹر - 31/07/2026
بلوچستان کی کوئلہ کان میں قیامت، 34 مزدور جان کی بازی ہار گئے،امدادی کارروائیاں جاری، حکومت کا معاوضے کا اعلان

ویب ڈیسک: بلوچستان کے نواحی علاقے سورینج میں واقع کوئلہ کان میں ہونے والے ہولناک دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ملبے تلے دبے کان کنوں میں سے اب تک 34 مزدوروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

حکام کے مطابق دھماکے کے وقت کان کے اندر متعدد مزدور کام میں مصروف تھے۔ امدادی ٹیمیں دشوار گزار حالات اور محدود وسائل کے باوجود پھنسے ہوئے دیگر مزدوروں تک رسائی کے لیے مسلسل آپریشن کر رہی ہیں۔

صوبائی وزیر معدنیات شعیب نوشیروانی نے ریسکیو کارروائیوں کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ متاثرہ مزدوروں کو بچانے اور باقی افراد تک پہنچنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق کان کنوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جاں بحق ہر مزدور کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو تین لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے جامع تحقیقات بھی کی جائیں گی تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

دوسری جانب کان کے مالک نے ابتدائی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ دھماکا میتھین گیس بھر جانے کے باعث پیش آیا۔ ان کے مطابق حادثے کے وقت کان میں 42 مزدور موجود تھے اور تمام کان کنوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ سے بتایا جاتا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور ملبے تلے موجود دیگر مزدوروں تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔