سوات (بیورو رپورٹ) ضلع سوات میں جائیدادوں کی رجسٹریشن کے عمل کو جدید، شفاف اور تیز تر بنانے کے لیے ای-رجسٹری نظام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں سب رجسٹرار بابوزئی آصف خان اور ای-اسٹامپ وثیقہ نویسوں نے ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت سے ملاقات کی، جہاں ڈپٹی کمشنر نے ضلع سوات کی پہلی ای-رجسٹری باضابطہ طور پر سب رجسٹرار بابوزئی کے حوالے کی، جس کے ساتھ ہی ضلع میں ای-رجسٹری نظام کا عملی نفاذ شروع ہو گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈیڈ رائٹرز کو ای-رجسٹری کے تحت ڈیڈ رائٹنگ اور آن لائن رجسٹریشن کے طریقہ کار کی ضروری تربیت بھی فراہم کی جا چکی ہے تاکہ شہریوں کو جدید، شفاف اور بروقت خدمات میسر آ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے کہا کہ ای-رجسٹری نظام کے نفاذ سے رجسٹریشن کا عمل مزید آسان، شفاف اور تیز ہوگا، جبکہ شہریوں کو سرکاری خدمات کی فراہمی میں سہولت اور وقت کی بچت ممکن ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور ڈیڈ رائٹرز کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کی بہترین رہنمائی کرتے ہوئے اس جدید نظام کو مؤثر انداز میں نافذ کریں تاکہ حکومت خیبر پختونخوا کے گڈ گورننس وژن کے مطابق عوام کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔
۔۔۔۔۔