حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
امریکی کارروائی کے بعد پاسدارانِ انقلاب کا سخت پیغام، "آج فیصلہ کن جواب دیا جائے گا" Home / بین الاقوامی /

امریکی کارروائی کے بعد پاسدارانِ انقلاب کا سخت پیغام، "آج فیصلہ کن جواب دیا جائے گا"

ایڈیٹر - 30/07/2026
امریکی کارروائی کے بعد پاسدارانِ انقلاب کا سخت پیغام،

ویب ڈیسک: ایران پر گزشتہ شب ہونے والی امریکی فوجی کارروائی کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "اللہ تعالیٰ کی مدد سے آج جارح کو اس کے اقدام کی سزا دی جائے گی۔" اس مختصر مگر سخت لہجے والے بیان کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی افواج نے گزشتہ رات ایران کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد جنوبی ایران کے متعدد شہروں اور جزیروں میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

رپورٹس کے مطابق قشم، کیش، بندر عباس، آبادان اور بوشہر میں یکے بعد دیگرے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے نقصانات کی مکمل تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔

دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے تازہ بیان نے اس تاثر کو مزید تقویت دی ہے کہ ایران امریکی کارروائی کا جواب دینے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے باعث پورے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔