حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ترقی صرف منصوبوں سے نہیں، عملدرآمد بھی ضروری ہے، اقوام متحدہ کا پاکستان سے وسائل کی تقسیم پر نظرثانی کا مطالبہ، Home / پاکستان /

ترقی صرف منصوبوں سے نہیں، عملدرآمد بھی ضروری ہے، اقوام متحدہ کا پاکستان سے وسائل کی تقسیم پر نظرثانی کا مطالبہ،

ایڈیٹر - 30/07/2026
ترقی صرف منصوبوں سے نہیں، عملدرآمد بھی ضروری ہے،  اقوام متحدہ کا پاکستان سے وسائل کی تقسیم پر نظرثانی کا مطالبہ،

ویب ڈیسک: اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پالیسی سازی اور زمینی سطح پر اس پر عمل کے درمیان نمایاں فرق ملک کی ترقی کی رفتار کو متاثر کر رہا ہے۔

یہ مؤقف وزارتِ منصوبہ بندی میں "ایک قوم کا تبدیلی کا موڑ: پاکستان کی آبادی اور ترقی" کے عنوان سے منعقدہ اسٹریٹجک مکالمے اور ترقیاتی جائزہ پاکستان کے پچاسویں شمارے کی تقریبِ رونمائی کے دوران سامنے آیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اس وقت اپنی ترقیاتی تاریخ کے ایک نہایت اہم مرحلے سے گزر رہا ہے، جہاں درست پالیسی سازی کے ساتھ مؤثر اور بروقت عملدرآمد ناگزیر ہو چکا ہے۔

اس موقع پر اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے اپنی رپورٹ میں نشاندہی کی کہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ پالیسیوں اور ان پر مقامی سطح پر عملدرآمد کے درمیان موجود وسیع خلا ہے، جسے دور کیے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی سفارش کی گئی کہ صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کے موجودہ نظام پر ازسرِنو غور کیا جائے۔ ادارے کے مطابق وسائل کی تقسیم میں صرف آبادی کو بنیاد بنانے کے بجائے ترقیاتی کارکردگی، سماجی اشاریوں اور دیگر اہم عوامل کو بھی شامل کیا جانا چاہیے تاکہ وسائل کا زیادہ مؤثر اور منصفانہ استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق اگر ان سفارشات پر عمل کیا گیا تو نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بہتر ہو سکتی ہے بلکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کا نظام بھی زیادہ متوازن اور مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔