حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
حج کے خواہش مندوں کے لیے بڑی خوشخبری، نئی بچت اسکیم کا اعلان حج بکنگ کا نیا طریقہ آگیا، صرف 10 فیصد رقم سے رجسٹریشن Home / پاکستان /

حج کے خواہش مندوں کے لیے بڑی خوشخبری، نئی بچت اسکیم کا اعلان حج بکنگ کا نیا طریقہ آگیا، صرف 10 فیصد رقم سے رجسٹریشن

ایڈیٹر - 30/07/2026
حج کے خواہش مندوں کے لیے بڑی خوشخبری، نئی بچت اسکیم کا اعلان حج بکنگ کا نیا طریقہ آگیا، صرف 10 فیصد رقم سے رجسٹریشن

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے عازمینِ حج کے لیے ایک اہم اور منفرد اقدام کرتے ہوئے سن 2027 سے 2030 تک کی چار سالہ حج پالیسی کے تحت پہلی مرتبہ شریعت کے مطابق خصوصی حج بچت اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نئی سہولت کے ذریعے شہری صرف 10 فیصد ابتدائی رقم جمع کرا کے کئی برس پہلے ہی اپنے حج کی رجسٹریشن اور بکنگ یقینی بنا سکیں گے۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق نئی حج بچت اسکیم آئندہ دو سے تین ماہ کے دوران مالیاتی اداروں کے تعاون سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ اس منصوبے کا مقصد حج کے خواہش مند افراد کو مرحلہ وار بچت کے ذریعے مالی بوجھ سے محفوظ رکھتے ہوئے آسان انداز میں فریضۂ حج کی تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم مکمل طور پر شریعت کے اصولوں کے مطابق تشکیل دی جا رہی ہے، جس کے تحت جمع ہونے والی رقوم محفوظ حکومتی نظام میں رکھی جائیں گی اور عازمین اپنی مالی استطاعت کے مطابق وقتاً فوقتاً رقم جمع کراتے رہیں گے۔

حکام کے مطابق اس اسکیم میں دو اقسام کے شرعی اکاؤنٹس فراہم کیے جائیں گے۔ ایک اکاؤنٹ منافع کی سہولت کے ساتھ ہوگا تاکہ مستقبل میں مہنگائی کے باعث حج اخراجات میں اضافے کا اثر کم کیا جا سکے، جبکہ دوسرا اکاؤنٹ بغیر منافع کے ہوگا، جس کا انتخاب عازمین اپنی ترجیح کے مطابق کر سکیں گے۔

سیکرٹری وزارتِ مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے بتایا کہ اس منصوبے کی اصولی منظوری دی جا چکی ہے۔ ان کے مطابق اگر کوئی شہری مستقبل میں، مثلاً 2035 میں حج ادا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تو وہ ابھی سے اس اسکیم میں شامل ہو کر بتدریج اپنی بچت مکمل کر سکتا ہے، تاہم آغاز میں حج اخراجات کے صرف 10 فیصد کے مساوی رقم جمع کرانا لازم ہوگی۔

وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کے طویل المدتی حج نظام کا اہم حصہ ہوگا، جس کے ذریعے عازمین کو کئی سال پہلے سے اپنی منصوبہ بندی اور مالی تیاری کا مؤثر موقع میسر آئے گا۔ یاد رہے کہ وفاقی کابینہ پہلے ہی چار سالہ حج پالیسی کی منظوری دے چکی ہے، جس کے تحت حج کے انتظامات کو مزید جدید، شفاف اور سہل بنانے پر کام جاری ہے۔