حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
لاہور میں مکان کی چھت گرنے کا المناک حادثہ، 7 افراد جاں بحق، فیصل آباد میں بھی 2 بچے زندگی کی بازی ہار گئے Home / پاکستان /

لاہور میں مکان کی چھت گرنے کا المناک حادثہ، 7 افراد جاں بحق، فیصل آباد میں بھی 2 بچے زندگی کی بازی ہار گئے

ایڈیٹر - 30/07/2026
لاہور میں مکان کی چھت گرنے کا المناک حادثہ، 7 افراد جاں بحق، فیصل آباد میں بھی 2 بچے زندگی کی بازی ہار گئے

ویب ڈیسک: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں سات افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب فیصل آباد میں بھی بارش کے دوران مکان کی چھت منہدم ہونے سے دو بچے جان کی بازی ہار گئے اور دو افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں سکھ نہر کے قریب ایک رہائشی مکان کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، تاہم سات افراد کو زندہ نہ بچایا جا سکا، جبکہ تین زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت کا ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ملبے کے نیچے مزید کوئی فرد موجود نہ ہو۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ادھر فیصل آباد میں بھی مسلسل بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے سے دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اداروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ دونوں واقعات کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔