ویب ڈیسک: وفاقی تحقیقاتی ادارے نے پشاور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے پر سعودی عرب روانہ ہونے والے پانچ مسافروں کو سفر سے روک دیا۔ حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ مسافر عمرہ ویزے کو استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر دوسرے ممالک جانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق مسافروں کی ثانوی جانچ پڑتال کے دوران ان کے موبائل فونز کا بھی جائزہ لیا گیا، جس سے ایسے شواہد سامنے آئے جنہوں نے انسانی اسمگلنگ کے شبے کو مزید مضبوط کیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ افراد کا منصوبہ سعودی عرب کو عبوری راستہ بنا کر لیبیا سمیت دیگر ممالک پہنچنے کا تھا، جس پر انہیں فوری طور پر پرواز سے اتار لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام مسافروں کو مزید قانونی کارروائی اور تفصیلی تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ ونگ، پشاور کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ اس معاملے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے واضح کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ ویزوں کے غلط استعمال اور غیر قانونی نقل و حرکت کی مؤثر انداز میں روک تھام کی جا سکے۔